Table of Contents
Toggleجدید تحقیق کے مطابق آملہ وٹامن سی اور ڈی اس کے علاوہ دیگر ضروری غذائی اجزاء سے بھی بھر پور ہوتا ہے جو اچھی صحت کے لئے بہت مفید ہے۔ آملہ کے استعمال سے بال گھنے، لمبے اور مضبوط ہوتے ہیں۔
آملہ کو غذا میں مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے جیسا کہ آملہ کا اچار ڈالا جاتا ہے، اس کا مربہ بھی بنایا جاتا ہے اور آملہ کو خشک کر کے بھی غذا میں شامل کیا جاتا ہے۔ آملے کو مختلف بیماریوں سے نجات کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
آملہ کو ہم وزن ہلدی کے ساتھ سفوف بنا کر نوماشہ روزانہ ہمراہ گائے کے دودھ کے ساتھ استعمال کرنے سے پیشاب کی نالی کی سوجن کیلئے از حد مفید ہے۔ نکسیر روکنے کیلئے اس کا گاڑھا لعاب ماتھے پر لگائیں اور آنکھ کے پھولے کیلئے تازہ آملے کا رس آنکھ میں ڈالیں۔
:بال سیاہ کرنے کا مفید ٹوٹکہ
یہ نسخہ بالوں کو سیاہ کرنے کے لئے انتہائی مفید اور آسان ہے۔ چار چمچ آملے کے پاؤڈر میں دو پیچ پانی اور ایک عدد لیموں کا رس شامل کر لیں اس آمیزے کو اچھی طرح مکس کر کے پیسٹ بنالیں، تقریبا ایک گھنٹے کیلئے اسے پڑا رہنے دیں۔
اب یہ پیسٹ بالوں پر لگانے کیلئے تیار ہے۔ اس پیسٹ کو بالوں میں اچھی طرح لگا کر 20 سے 25 منٹ تک لگا رہنے دیں اور اس کے بعد پانی سے اچھی طرح دھولیں ۔
خیال رہے کہ صابن یا شیمپو استعمال نہ کریں اور کوشش کریں کہ اس نسخے کے استعمال کے دوران صابن یا شیمپو سے پرہیز کریں۔
پیسٹ کو بالوں کی جڑوں تک ضرور پہنچائیں۔ بال دھوتے وقت خیال رہے کہ آنکھیں محفوظ رہیں۔ اس پیسٹ کو ہر چار دن بعد استعمال کریں کچھ مہینوں میں آپ کے بال مکمل طور پر سیاہ ہو جائیں گے۔
:دماغی کمزوری کا مزیدار شربت
اگر کوئی شخص دماغی کمزوری کا شکار ہو یا کسی پریشانی کی وجہ سے ذہن الجھا ہوا رہتا ہو تو وہ آملہ کا یہ شربت بنائے اور استعمال کرے۔ آملہ کا پانی ایک لٹر، گائے کا دودھ دو کلو دونوں کو ملا کر قلعی دار برتن میں آگ پر رکھیں جب دودھ پھٹ جائے تو اُتار کر چھان لیں
اور شکر سفید برابر آملہ کے پانی سے ملا کر شربت کا قوام تیار کریں۔ دو تولہ شربت، عرق سونف چھ تولہ یا خمیرہ گاؤ زبان عنبری تین ماشہ کے ساتھ استعمال کریں۔ سر درد میں مفید ہے۔ دماغ میں تازگی، فرحت اور قوت پیدا کرتا ہے۔
:آنکھوں سے پانی بہنا
اگر کسی کی آنکھیں خراب ہوں اور پانی بہتا ہو تو ان کے لئے بہت مجرب نسخہ ہے۔ مغز بیج آملہ اور مغز بیج ہریڑ زرد، ہم وزن لے کر تین پہر تک پانی میں کھرل کر کے نخودی گولیاں بنالیں۔ رات کو سوتے وقت دو گولیاں روزانہ کھائیں ، ان کے استعمال سے آنکھوں سے بہتا پانی رک جاتا ہے۔
:آملہ کا لذیذ شفائی نسخہ
آملہ کا یہ نسخہ ہر قسم کے بخار کے لئے فائدہ مند ہے اس کے علاوہ قبض کشا اور ہاضم ہے۔ بلغم اور بد ہضمی جیسے امراض کو رفع کرتا ہے، بھوک خوب لگا تا ہے، پاخانہ صاف لاتا ہے، بخار میں یہ نسخہ نہایت مفید ہے۔
آملہ (گٹھلیاں نکال کر ) مگھاں، چھلکا جڑ چترک، چھلکا ہریڑ زرد، نمک سیندھا، ان تمام اجزاء کو ہم وزن لیں، پیسں کر سفوف بنالیں، خوراک دو سے تین ماشہ تک ہمراہ نیم گرم پانی دن میں دو سے تین بار دیں۔
:معدے کے امراض کا علاج
اگر کوئی شخص معدے کے امراض میں مبتلا ہو تو وہ یہ نسخہ چند دن تک مسلسل استعمال کرے یہ معدہ کو تقویت دیتا ہے، دل کی تیز حرارت کو دور کرتا ہے اور صفراوی دستوں کو ختم کرتا ہے۔ نسخہ یہ ہے۔ آملہ آٹھ تولہ اور قند سفید ایک کلولیں۔ آملہ کو ایک سیر گائے کے دودھ میں چوبیس گھنٹے تک تر رکھیں۔
بعد ازاں آملہ کو دھو کر پانی میں جوش دے کر مل چھان کر اسی پانی میں چینی شامل کر کے قوام بنائیں۔ خوراک چھ ماشہ صبح و چھ ماشہ شام ہمراہ عرق گاؤں زبان یا پانی دیں۔ دیر ہضم اور بادی غذا سے پرہیز رکھیں۔ یہ کھانسی ، دمہ اور کمزوری کے لئے بھی مفید ہے۔