Table of Contents
Toggleسردیوں میں مچھلی کھانے کے بے شمار فائدے ہیں اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی سردیاں شروع ہوتی ہیں لوگ مچھلی کو گھر میں لا کر مختلف طریقوں سے پکا کر سردیوں میں مچھلی کھانے کی روایت کو برقرار رکھتے ہیں۔
موسم سرما میں مچھلی کو کھانے سے نہ صرف جسم کو حرارت ملتی ہے بلکہ اس کے بے حد قدرتی غذائی اجزاء جسم کو بے تحاشا بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت بھی فراہم کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے مچھلی میں بے شمار فوائد چھپا رکھے ہیں جن سے ہمیں لازمی فائدہ اٹھانا چاہیے۔
:دل کے امراض سے نجات
انسانی جسم کو وٹامن ڈی کی بہت ضرورت ہوتی ہے لیکن سردیوں میں دھوپ کم نکلنے کی وجہ سے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی ہو جاتی ہے۔
وٹامن ڈی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بہت سارے پلیمینٹس بھی دستیاب ہیں لیکن انسانی جسم مچھلی سے کہیں زیادہ وٹامن ڈی کو جذب کرتا ہے جس میں وٹامن ڈی کے ساتھ اومیگا تھری اور فیٹی ایسڈ پائے جاتے ہیں جو جسمانی صحت بالخصوص دل کے لئے بہت مفید ثابت ہوتے ہیں۔
یہ ایسے صحت بخش اجزاء ہیں جو دل کی شریانوں میں لوتھڑے نہیں بنے دیتے اور خون پتلا رکھتے ہیں۔ پہلے سے بنے لوتھرے نرم کر کے توڑ دیتے ہیں، اس لئے مچھلی کھانے سے اچانک ہارٹ فیل ہونے کے امکانات 50 فیصد کم ہو جاتے ہیں۔
دل کے علاوہ اومیگا تھری دماغ ، آنکھوں، جلد معدے و آنتوں کے لیے بھی نعمت ہے۔ ان کی چکنائی خون میں کولیسٹرول کم کرتی ہے، ذیابیطس کو روکتی اور زندگی کا صحت مند دورانیہ لمبا کرتی ہے۔
:ہڈیوں کی تمام بیماریوں میں مفید
جن لوگوں کو جوڑوں کا درد رہتا ہے یا وہ ہڈیوں کی کسی بھی بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں تو اس درد کی شدت گرمی کے موسم میں اتنی محسوس نہیں ہوتی جتنی سردیوں میں ہوتی ہے۔
بہت سارے لوگ گرمیوں کی نسبت سردیوں کے موسم میں جوڑوں کے درد سے متاثر ہوتے ہیں۔ مچھلی میں موجود اومیگا 3 اور فیٹی ایسیڈ ہوتا ہے جو سردیوں میں گھٹنوں کے درد کو کم کرتا ہے اور ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔ جو لوگ ان امراض کا شکارہوں انہیں سردیوں میں مچھلی کا استعمال ضرور کرنا چاہیے۔
:پھیپھڑوں کی حفاظت
سردیوں میں پھیپھڑے بہت جلد متاثر ہوتے ہیں جس وجہ سے کھانسی، نزلہ اور زکام پھیپھڑوں کو کمزور کر دیتے ہیں۔ اگر آپ ان بیماریوں کا علاج چاہتے ہیں تو سردیوں میں مچھلی کا استعمال لازمی کریں۔
مچھلی میں موجود فیٹی ایسیڈ پھیپھڑوں میں ہوا کے بہاؤ کو تیز بناتے ہیں اور سانس لینے میں آسانی ہوتی ہے۔ ماہرین طب کے مطابق نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو اپنے پھیپھڑوں کو مضبوط بنانے کے لیے مچھلی کا استعمال کرنا ضروری ہے۔
:مچھلی کے تیل کے حیرت انگیز فوائد
کار ڈلیور آئل ایک خاص قسم کا تیل ہوتا ہے جو ہمارے کھانے کے لیے نہایت مفید ہے اسی طرح مچھلی کا تیل بھی بہت فائدے مند ہوتا ہے جو ہم اپنے مختلف کھانوں اور سبزیوں میں استعمال کرتے ہیں۔ یہ ایسا صحت مند تیل ہے جو ہماری نسوں کی تعمیر و مرمت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اس کے استعمال سے ایسی توانائی حاصل ہوتی ہے جس سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے۔ انجائنا کے مریض مچھلی کے تیل کو استعمال کرتے ہیں جس سے وہ جلد ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ قلب کی بیماریوں سے حفاظت کے لئے مفید ہے۔
جب ہمارے جسم میں چربی کی مقدار بڑھ جاتی ہے تو چربی ہمارے شریانوں میں جم جاتی ہے جس کی وجہ سے شریانیں سکڑنے لگتی ہیں لیکن مچھلی کا تیل استعمال کرنے سے بند شریانیں کھلنے لگتی ہیں۔