Table of Contents
Toggleہونٹ چہرے کا سب سے نازک اور پرکشش حصہ ہوتے ہیں اس لیے ہونٹوں کو نرم و ملائم اور جاذب نظر رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ ان کی باقاعدہ دیکھ بھال کی جائے تا کہ ان کی خوبصورتی اور دلکشی برقرار رہ سکے۔
خشک سیاہی مائل پھٹے ہوئے بے رونق ہونٹ نہ صرف دیکھنے والے کو بُرے لگتے ہیں بلکہ یہ چہرے کی ساری خوبصورتی کو بھی مانند کر دیتے ہیں۔ کئی وجوہات ہیں جن کی بناء پر ہونٹوں کی قدرتی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے
جس میں چائے، کافی اور سگریٹ نوشی کا بکثرت استعمال بھی ہونٹوں کو سیاہ اور بے رونق بنا دیتا ہے۔
ہونٹوں کے گرد و دوران خون کی گردش میں کمی، تھکاوٹ، ذہنی یا اعصابی تناؤ ، دھوپ، غیر معیاری اور کم درجے والی لپ سٹک کا استعمال بھی ہونٹوں کو خراب کر دیتا ہے ۔ ان حالات میں قدرتی نسخوں کا استعمال ان کی دلکشی کو بحال کر سکتا ہے۔
:شاندار قدرتی نسخہ
ہونٹوں پر باقاعدگی سے ایلویرا جیل کا استعمال پھٹے ہونٹوں کیلئے شاندار قدرتی نسخہ ہے جو ہونٹوں کی سیاہی کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ نمی بھی فراہم کرتا ہے۔
:خشک ہونٹوں کے لئے
ہونٹوں کی نمی کو برقرار رکھنے کیلئے آئس کیوبز کا مساج کریں، ہونٹ ایک دم تر و تازہ اور نرم ہو جائیں گے۔
رات کو سونے سے پہلے ہونٹوں پر بالائی کا ہلکا ہلکا مساج کریں اس سے نہ صرف ہونٹوں کی سیاہی دور ہو گی بلکہ ہونٹ نرم اور شگفتہ نظر آئیں گے
اور پورا دن ہونٹوں کی قدرتی اور دلکش چمک برقرار رہے گی۔ پسی ہوئی پھٹکڑی اور گلیسرین کو ملا کر ہونٹوں پر لگا ئیں اس سے ہونٹ گلابی اور خوبصورت ہو جائیں گے۔
:نرم و ملائم اور گلابی ہونٹ
خشک اور بے جان ہونٹوں کو تر و تازہ رکھنے کیلئے چٹکی بھر ہلدی پاؤڈر کو دودھ میں ملا کر اچھی طرح مکس کر لیں اور پانچ دس منٹ تک ہونٹوں پر مساج کریں۔
نرم اور گلابی ہونٹوں کے لئے سیب کے بیجوں کو تھوڑے سے پانی کے ساتھ پیس کر پیسٹ بنالیں اور رات کو سونے سے پہلے اسے ہونٹوں پر لگائیں ، ہونٹ نرم و ملائم اور گلابی ہو جائیں گے۔
:چٹکی بھر نمک کا کمال
لیموں کا رس نکال کر اس کے چھلکے پر چٹکی بھر نمک چھڑکیں اور اس سے ہونٹوں پر آہستہ آہستہ مساج کریں، ہونٹوں کی سیاہی مائل رنگت ہلکی ہو جائے گی۔
:موسمی اثرات سے حفاظت
گھی کا استعمال ہونٹوں کو گلابی ، نرم و ملائم اور بھرا بھرا رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ نیم گرم گھی کو روزانہ دن میں دو سے تین مرتبہ ہونٹوں پر لگائیں ۔
موسمی اثرات سے پھٹ جانے والے خشک ہونٹوں کیلئے گھی بے حد مفید ہے ۔ ہونٹوں کو گلابی اور چمکدار رکھنے کیلئے ٹماٹر کے پیسٹ کو بالائی میں شامل کر کے اسے ہونٹوں پر لگا ئیں اس کے باقاعدہ استعمال سے ہونٹ خوب صورت اور نکھرے نکھرے نظر آئیں گے۔
:گلاب کی پتیاں
چند گلاب کی تازہ پتیاں، گلیسرین اور دو تین زعفران کو ملا کر اس کا پیسٹ بنالیں اور رات کو سونے سے پہلے اسے ہونٹوں پر لگالیں اس سے نہ صرف ہونٹوں کی سیاہی دوری ہو گی بلکہ ہونٹ مخمل کی طرح نرم و ملائم ہو جائیں گے۔
:کشمش
تھوڑی سی کشمش کو رات بھر کیلئے پانی میں بھگو کر رکھ دیں اور اگلی صبح اسے نہار منہ چبا کر کھائیں اس سے ہونٹوں میں قدرے سرخی پیدا ہو گی ۔
:بادام کا پیسٹ
تھوڑے سے باداموں کو پیس کر کریم کی طرح پیسٹ بنالیں اب اس پیسٹ کو روزانہ ہونٹوں پر ملیں یہ سیاہی مائل بے رونق ہونٹوں کیلئے بہترین کنڈیشننگ تکنیک ہے۔
:رائی کا تیل
رات کو سونے سے پہلے اپنی ناف پر دو قطرے رائی کا تیل یا پھر دیسی گھی لگا لیں اس سے ہونٹوں کی سیاہی ختم ہو جائے گی۔
:ہونٹوں کی جھریاں ختم
ہونٹوں کو قدرتی طور پر موسچرائز کرنے کیلئے ایک چمچ شہد میں چند قطرے عرق گلاب شامل کر کے ہونٹوں کا مساج کریں اس کے باقاعدہ استعمال سے ہونٹ گلابی، چمکدار اور نرم و ملائم ہو جائیں گے اور ہونٹوں کی جھریاں بھی ختم ہو جائیں گی۔
:چقندر اور گاجر کا جوس
ایک ایک چمچ چقندر اور گاجر کا جوس لیں اور اس میں چند قطرے عرق گلاب شامل کر کے دس سے پندرہ منٹ تک ہونٹوں کا مساج کریں۔ ہونٹ جاذب اور خوبصورت نظر آئیں گے۔
:پھٹے ہوئے ہونٹوں کیلئے
خشک اور پھٹے ہوئے بے رونق ہونٹوں کیلئے ایک چمچ زیتون کے تیل میں تھوڑی سی مقدار میں زعفران ڈال کر اس سے ہونٹوں کا مساج کریں اس نسخے سے ہونٹ نرم، چمکدار اور قدرتی طور پر گلابی ہو جائیں گے۔
ہونٹوں کیلئے بام: چند قطرے ناریل تیل، لیموں کا جوس، لیموں کا تیل اور موم کو ملا کر ہلکا سا گرم کریں اور ایک جار میں محفوظ کر لیں جب بھی آپ کو ہونٹ خشک اور پھٹے ہوئے محسوس ہوں اس بام کو ہونٹوں پر لگالیں۔