Table of Contents
ToggleHow Easy Is It to Spoil a Healthy Body? The Answer Will Surprise You!
آج کل اپنے اچھےخاصے چست اور صحت مند جسم کا حلیہ بگاڑ دینا کوئی مشکل کام نہیں ہے جب گھر پر گھنٹوں ٹیلی ویژن اور کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر وقت گزارا جائے اور پیزا اور برگر گھر پر ڈلیور کر دیئے جائیں تو جسم پر چربی کی تہیں جما لینا بھلا کیا مشکل ہوگا ۔
جوں جوں ہمارا طرز زندگی بدل رہا ہے، موٹا پا ہمارے جسم پر قابو پاتا جا رہا ہے۔ ہاں بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جنہیں کچھ دن بعد اپنی غلطی کا شدید احساس ہوتا ہے اور وہ فیصلہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے جسم کو ہر صورت میں اس کی پہلی حالت پر لے جائیں گے۔
ایک دم وزن گھٹانے پر نہ تلیں
ماہرین کی رائے میں یہ فیصلہ کرتے وقت نہایت محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور موٹاپے کو چھانٹنے میں بہت جلدی سے کام نہیں لینا چاہیے یعنی ایک دم ہی وزن گھٹانے پر نہیں تل جانا چاہیے۔
ایک امریکی ماہر کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو حملہ قلب کا خطرہ سب سے زیادہ ہوتا ہے، ان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو ہمیشہ ورزش اور جسمانی سرگرمی سے جی چراتے رہے اور پھر اچانک ایسی ورزشوں پر تل گئے جن سے وہ قطعی مانوس نہ تھے۔
ورزش کا پہلا قدم چہل قدمی ہونا چاہیے
ورزش کے لئے پہلا قدم یہ اٹھائیے کہ واک شروع کر دیجیے۔ شروع میں تھوڑا تھوڑا چلیے اور رفتہ رفتہ اسے بڑھاتے رہیے۔
ہفتے کے زیادہ تر دنوں میں کچھ کم از کم پانچ دن ) آدھا آدھا گھنٹہ یا اس سے کچھ زیادہ درمیانے درجے کی ورزش کی جائے جس میں چہل قدمی بھی شامل ہو۔
چھوٹے پیمانے پرورزش کی ابتدا آگے چل کر آپ کو فائدہ پہنچائے گی۔ چہل قدمی کا ایک اچھا پروگرام آپ کی مجموعی صحت پر مثبت طریقے سے اثر انداز ہوگا ۔
اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں، جسم کو مزید چست بنانا چاہتے ہیں تو چہل قدمی کے علاوہ ورزش کے اور طریقے بھی ہیں مثلاً یہ کہ تیراکی یا سائیکلنگ کیجیے۔
بہر حال آپ جو ورزش کرنے کا فیصلہ کریں، اعتدال کو پیش نظر رکھیں ۔ آپ کو اپنی برداشت اور سکت کا جو اندازہ ہے اس سے کچھ کم بوجھ اپنے اوپر ڈالیے بہترین طریقہ یہ ہے کہ تھوڑی ورزش شروع کیجیے اور جب آپ ذرا عادی ہو جائیں تو پھر ہر ہفتے اس میں دس فیصد اضافہ کر کے اسے مناسب سطح پر لے آئیں۔
اگر آپ روزانہ آدھے گھنٹے سے گھنٹہ بھر تک ورزش کرنا چاہتے ہیں لیکن آپ وقت کی کمی کے باعث یہ ورزش لگا تار نہیں کر سکتے تو کوئی بات نہیں۔ آپ دن کے مختلف اوقات میں دس دس پندرہ پندرہ منٹ ورزش کر کے اپنا یہ دورانیہ پورا کر لیجیے اس سے بھی نمایاں فائدہ پہنچے گا۔
یاد رکھیے، ہل جل کر ورزش کرنے کا ذہن پر بھی اچھا اثر پڑتا ہے اور لوگوں سے میل جول بھی بڑھتا ہے اسی لیے بعض ماہرین واک کو بہترین ورزش قرار دیتے ہیں، اور یہ ورزش خاندان کے کئی افراد گروپ کی صورت میں کر سکتے ہیں۔
آخر میں ایک اہم نکتے کی طرف آپ کی توجہ مبذول کرنا ضروری ہے کہ کسی ماہر سے مشورے اور طبی احتیاط سے کام لیجیے اور اپنا خیال رکھیے۔
چکر آئیں ، درد ہو یا سینے پر دباؤ محسوس ہو اور بولنے میں دقت ہو تو سمجھیے کہ آپ اپنے جسم پر زیادہ بوجھ ڈال رہے ہیں جو فائدے کے بجائے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ غلط ورزش سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔