Table of Contents
Toggleصحت مند ہونے کا یہ ہرگز مطلب نہیں ہے کہ آپ روزانہ جم میں گھنٹوں ورزش کریں تو ہی آپ صحت مند ہیں۔ مختصرسی لیکن با قاعدہ ورزش کرنے کے بہت سے فوائد ہیں اس سے بڑی بیماریوں کا خدشہ ختم ہو جاتا ہے
جیسے کہ دل کی بیماریاں، ہائی بلڈ پریشر، ذیا بیطس ، کینسر اور ڈیپریشن وغیرہ ! اس کے علاوہ ہمارے اندر تازگی و توانائی محسوس ہوتی ہے ہڈیوں کی طاقت بڑھتی ہے اور ہم خود کو زیادہ صحت مند محسوس کرنے لگتے ہیں۔ گھنٹوں ورزش کرنے کی بجائے پورے دن میں دس منٹ کی ورزش پانچ یا چھ بار کر لیں۔ صبح اٹھتے ہی ہلکی پھلکی پھیپھڑوں کی ورزش ضرور کریں۔
ورزش اور پانی کا تعلق
صبح ناشتہ سے قبل یا رات کے کھانے کے بعد اپنی گلی میں چہل قدمی کریں۔ گھریلو کام یا سارے دن کے کاموں کا چھوٹے سے چھوٹا حصہ بھی آپ کے اندر موجود حراروں کو جلانے میں مدد دیتا ہے۔ چہل قدمی کولہوں، ٹانگوں اور کمر کے نچلے حصے کے پٹھوں کو مضبوط کرتی ہے اور جسم میں سارا دن چستی اور توانائی موجود رہتی ہے۔
آپ روزانہ صرف دس منٹ کے لئے رسی کودنا شروع کر دیں۔ آپ ستر سے ایک سو دس حراروں کو جلا سکتے ہیں۔ جسم میں پانی کی کمی بھی آپ کی کارکردگی کو متاثر کر سکتی ہے اس لئے اگر آپ زیادہ سے زیادہ پانی نہیں پی سکتے تو کتنی ہی ورزشیں کر لیں اس کا کچھ فائدہ نہیں ہوگا ۔ پانی حراروں کو جلانے اور چکنائی کو ہضم ہونے میں مدد دیتا ہے سب سے اہم یہ کہ پانی آپ کے جسم کے تمام نظام کو درست رکھتا ہے۔
دبلے پتلے اور خوبصورت نظر آئیں
تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پرانی خواتین کے مقابلے آج کی خواتین کا وزن بہت زیادہ ہے اس کی سیدھی سی وجہ یہ ہے کہ ہم گھر کے کام کاج کرنے کے لئے یا تو ملازمہ رکھ لیتے ہیں یا پھر برقی اشیاء پر انحصار کرتے ہیں۔
روزمرہ کے کام کاج سے حراروں کی بہت بڑی تعداد کو جلایا جا سکتا ہے۔ گھر کی صفائی ستھرائی مطلب جھاڑو، پوچا، وغیرہ کر کے ایک گھنٹہ میں 90 حرارے جلائے جا سکتے ہیں۔ باغبانی سے 150 حرارے جلائے جاسکتے ہیں۔
صبح کی سیر
اپنے بیوی بچوں کو بھی اپنے ساتھ صبح کی سیر میں شامل کرنے کی کوشش کریں یا اپنے بچوں کے ساتھ کوئی بھی کھیل کھیلیں۔ کینیڈا میں ہونے والی ریسرچ سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ اگر آپ چست ہیں تو آپ کے بچے آپ سے چھ گنا زیادہ چست ہوں گے۔ آپ کی عادات کا اثر آپ کی آنے والی نسلوں پر پڑتا ہے
آپ کی غذا کا اثر بھی آپ کی نسلوں کی صحت پر پڑتا ہے۔ اس لئے صحت مند عادات وقت کی پابندی اور فطری غذا کے ذریعے اپنی اور آنے والی نسلوں کی زندگی کو کامیاب اور خوشگوار بنانا آپ کے ہاتھ میں ہے۔ اس کے لئے خود کو سستی اور کاہلی سے نکالیے۔
ورزشیں صرف تن سازی یا موٹا پا کم کرنے کے لئے نہیں بلکہ ہاضمہ درست کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوتی ہیں بلکہ بہت سے ایسے فوائد بھی دیتی ہیں جس سے طویل عمر پانے اور خوشگوار زندگی گزارنے میں مدد ملتی ہے۔
اگر ہاضمہ درست رہے، موٹا پا نہ آئے ، پٹھے ٹھیک کام کریں اور ذہنی تناؤ وغیرہ نہ ہو تو زندگی ویسے ہی حسین لگتی ہے۔ اس لئے اپنے دوستوں کے پاس صرف گپ شپ لگانے ہی مت جائیں بلکہ ان کے ساتھ ٹینس، بیڈ منٹن یا کشتی کھیلیں۔
دفتری لوگ کونسی ورزش کریں؟
اگر آپ کا کام بہت دیر تک بیٹھ کر کرنے کا ہے تو آپ کو ٹانگوں کی چند ورزشیں ضرور آزمانا چاہئیں ۔ اپنے پیروں کی انگلیوں پر ذرا سا زور ڈالیں اور اس دباؤ کو ہولے ہولے بڑھا ئیں یہاں تک کہ آپ کو ذرا تکلیف محسوس ہو پھر اس حالت میں تیس سیکنڈ تک رہیں اس کے بعد دھیرے دھیرے اصلی حالت پر واپس آجائیں ۔ اپنی گردن کو ہر سمت میں بیس مرتبہ گھمائیں اپنے باز و اپنے سر پر رکھ کر ان میں کھچاؤ پیدا کریں۔
کمر اور ر ان کو مضبوط بنائیں
دائیں ٹانگ کو آگے کی جانب پھیلا ئییں اور بائیں ٹانگ کوموڑ کر فرش پر ہی رہنے دیں، پھر آگے کی جانب جھکتے ہوئے اپنا سر گھٹنے پر رکھیں اور دونوں ہاتھوں سے اپنا پاؤں تھام لیں ۔ اسی طرح دوسری ٹانگ کے ساتھ کریں۔ اس ورزش سے آپ نہ صرف فٹ رہیں گے بلکہ کمر اور ان کے پٹھے بھی مضبوط ہوں گے۔