بخار اور دماغی بیماریوں کیلئے پرانے حکماء کا نسخہ

آلو بخارا ایک خوش ذائقہ حیاتین سے بھرا پھل ہے۔ قدرت نے اس پھل کی شکل ایسی دلفریب بنائی ہے کہ دیکھتے ہی منہ میں پانی بھر آتا ہے۔

مالک الملک نے اسے گوشت بنانے والے روغنی اور نشاستہ دار اجزاء کے علاوہ فولاد، کیلشیم، پوٹاشیم ، فلورین، فاسفورس، امینو ایسڈ، گلوکوز اور مقطر پانی کا صحت بخش غذائی نمونہ بنا دیا ہے۔

وٹامنز اے بی اور ڈی بھی اس میں پائے جاتے ہیں ۔ وٹامن سی کے خزانہ سے بھر پور ہے۔ آلو بخارا کا مزاج سرد اور تر ہے اور معدہ کی تیزابیت دور کرنے میں یہ لا جواب پھل ہے۔

کمزور مرد اور حاملہ خواتین کے لئے بہترین غذا

ایک پاؤ آلو بخارا میں دو چپاتیوں کے برابر غذائیت اور ڈیڑھ پاؤ دودھ کے برابر کیلشیم ہوتا ہے۔ گرم طبیعت والوں، دماغی کام کرنے والوں، بیماری سے اُٹھے ہوئے اور حاملہ عورتوں کیلئے اس سے بہتر کوئی غذا نہیں۔

یہ معدہ کی سختی ، جلن اور اپھارہ دُور کرتا ، معدہ کی ہاضم رطوبات کے زیادہ خارج کرنے میں مدد دیتا اور بھوک لگاتا ہے۔ صدیوں سے حکیم صاحبان پیاس اور صفرا کا غلبہ توڑنے کیلئے اسے استعمال کراتے چلے آئے ہیں۔ آلو بخارا ایک بے ضرر، قبض کشاء، زود ہضم پھل ہے۔

خون کے جوش کو ٹھنڈا کرنے کیلئے یہ عمدہ غذا اور دوا کا کام دیتا ہے۔ نیند کی کمی کی شکایت کرنے والوں اور دماغی کام کرنے والوں کیلئے ایک ٹھنڈی مقوی غذا ہے۔

جگر کی گرمی اور چڑ چڑا پن دور

جگر کی گرمی ، ہاتھ پاؤں کی جلن اور مزاج کا چڑ چڑا پن دور کرنے کیلئے صبح و شام آدھا پاؤ سے آدھا کلو پکا ہوا آلو بخارا استعمال کرنا بہت مفید ہے۔ یرقان کے مریضوں کو دن میں تین مرتبہ آلو بخارا بطور غذا کھانا اور اس کے ساتھ زیرہ سفید اور گوکھرو ( خارخسک پنجابی بھکھڑا) کا ہم وزن سفوف دو سے تین ماشے استعمال کرنے سے چند روز میں اس مرض سے چھٹکارا ہو جاتا ہے

اس دوران گندم کی روٹی کا استعمال نہ کریں بلکہ ہلکی غذا مثلاً دلیا ، دہی، دودھ، چاول، انار اور میٹھےوغیرہ استعمال کرنے ضروری ہیں۔ اکسیر جگر میں نوشادر، قلمی شورہ ، ریوند چینی اور سفید زیرہ ہم وزن شامل کر کے سفوف بنا کر استعمال کرنا چاہیے۔

گال بلیڈر کے ورم اور پتھری سے نجات

جلدی بیماریاں دور کرنے اور خون صاف کرنے کیلئے آلوبخارا کھا کر دن میں ایک سے دو مرتبہ شربت عناب پینا فائدہ مند ہے ۔ آج کل گال بلیڈر کی بیماریاں عام طور پر کثرت سے ہو رہی ہیں۔

گال بلیڈر کے ورم و درد کو ختم کرنے کے لئے اور گال بلیڈرمیں پتھری سے حفاظت کے لئے اس شفا بخش پھل کا دن کے کسی حصے میں بھی متواتر کچھ عرصہ تک استعمال جاری کرنے سے غذا کے ساتھ ان بیماریوں سے شفائی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔

بخار اور دماغی بیماریوں کے لئے پرانے حکماء کا نسخہ

پرانے حکماء کا تجویز کردہ ایک مشہور نسخہ بخار، درد معده، اپھارہ، زیادتی پیاس، بھوک کی کمی، دماغی خشکی ، خارش اور جوش خون دور کرنے کیلئے صدیوں سے کامیابی سے استعمال ہو رہا ہے۔

ان امراض سے نجات کے لئے خشک آلو بخارا سات سے اکیس دانہ اور املی تین سے دس تولے تک علی الصبح دو سے تین پاؤ پانی میں بھگو کر دن میں تین یا چار دفعہ مل چھان کر حسب طبیعت چینی یا نمک ملا کر پینے سے معمولی بیماریاں تو پہلے روز، سخت اور پرانی بیماریوں چند روز کے استعمال سے اس کم قیمت دوا اور غذا کے استعمال سے ختم ہو جاتی ہیں۔

مہنگے امراض کا سستا علاج

ایسے لوگ جن میں وٹامن بی (۱۲) اور وٹامن سی کی کمی ہو اوراسے پورا کرنے کے لئے انجکشن اور کیپسول کھانے پر مجبور ہوں ۔ ایسے افراد آلو بخارا تازہ یا خشک جو بھی میسر ہو سکے دن میں چند دانے کھا لیں،

چند ہفتے مسلسل استعمال کرنے سے مہنگی ادویات سے نجات مل جائے گی ۔ سرد مزاج، بوڑھوں، نزلہ کھانسی کے مریضوں اور اعصابی درد رکھنے والے مریضوں کو آلو بخارا سے پر ہیز کرنا چاہیے۔

Share on facebook
Facebook
Share on twitter
Twitter
Share on linkedin
LinkedIn
Share on pinterest
Pinterest
Scroll to Top