ہاتھوں کی پشت پر ابھرنے والی رگیں کس بات کی علامت

ہاتھوں سے عمر کے اثرات زیادہ نمایاں نظر آتے ہیں۔ بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ چہرے پر کم مگر ہاتھوں کی اوپری جگہ شدید متاثر ہوتی ہے۔ اس لیے کہا جاتا ہے کہ اگر کسی بھی شخص کی اصل عمر کا پتہ چلانا ہو تو اس کے ہاتھوں کو دیکھنا چاہیے۔

ہاتھ ظاہری شخصیت یا جسمانی ساخت کا وہ حصہ ہیں جو ہر وقت سامنے رہتے ہیں اس لیے اگر یہ بھدے اور جھریوں زدہ ہوں گے تو دوسروں پر ان کا برا تاثر قائم ہوگا۔

اس کی بنیادی وجہ بھی یہ ہے کہ ہر عمر کے افراد خصوصاً خواتین کم یا زیادہ مگر اپنے چہرے کا ضرور خیال رکھتی ہیں لیکن ہاتھوں کی حفاظت اور خیال کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔

تیز دھوپ کا ہا تھوں پر اثر اور اس کا حل

ایسی چند اہم باتیں جن کی وجہ سے ہاتھ چہرے سے زیادہ عمر رسیدہ نظر آتے ہیں۔ عمر کے اثرات یا داغ ہاتھوں پر ظاہر ہونے والے اسپاٹ کا تعلق دراصل بڑھتی ہوئی عمر سے ہرگز نہیں ہوتا۔

یہ سورج کی شعاعوں کا نتیجہ ہوتا ہے جس کا اثر گرمی کے موسم میں زیادہ ہوتا ہے۔ ہاتھوں کی جلد سکڑ نے لگتی ہے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ اعلیٰ قسم کا سکن اسکرب یا لوشن ہاتھوں کی پشت پر لگائیں خاص طور پر گرم موسم کی وجہ سے جب ڈرائیونگ کے دوران 90 سے 98 فیصد سورج کی الٹرا وائلٹ تیز شعاعیں محسوس ہوتی ہیں۔

ہاتھوں کی جلد بہت جلد خشک ہو جاتی ہے بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے اس کی وجہ مختلف کیمیکل ڈٹرجنٹ کا استعمال کرنا ہے۔ ہاتھوں کی جلد کو نرم اور ملائم بنانے کے لیے ان کا روزانہ مساج کریں۔ اس ضمن میں اولیو آئل اور چینی کا اسکرب بہترین مساج کا کام دیتے ہے۔

اس کا طریقہ یہ ہے کہ ایک چوتھائی ٹی اسپون دونوں اشیاء زیتون کا تیل اور چینی کو باہم ملا کر ہفتہ میں ایک بار ہاتھوں کی پشت پر مالش کریں۔ اس سے ہاتھوں کی جلد نرم و ملائم ہو جائے گی۔

سمندری نمک اور لیموں کا استعمال

روزمرہ کے کاموں میں ہاتھوں کی صفائی کا بھی معمول اپنائیں اپنے ہاتھوں کی حفاظت اور ان پر پڑنے والی لائنوں ، داغ ، جھریوں اور اسکن کینسر سے بچانے کے لیے سمندری نمک اور لیموں کے رس کو ملا کر بہترین ہوم میڈ سکرب تیار کیا جا سکتا ہے۔

اس سکرب کو کسی پرانے اور فالتو برش کی مدد سے ہاتھوں کی پشت پر مساج کریں اس طرح سکن کے مردہ خلیات کا خاتمہ ہوگا اور سکن جاندار لگنے لگے گی۔ ہاتھوں کی اوپری جلدی کا خراب حصہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آپ کی غذا میں فیٹی ایسڈ جیسے کمپاؤنڈ کی شدید کمی ہے ۔

چہرے کی طرح ہاتھوں کی جلد کو بھی اسی حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے۔ کھانوں میں ایسے اجزاء کی مقدار بڑھائیں جن میں فیٹی ایسڈ موجود ہو جیسے گرمیوں میں پودینہ، ناریل، چیا سیڈز اور سردی میں مچھلی وغیرہ۔ اپنی غذا میں موسمی سبزیوں اور پھلوں کے استعمال کو بھی جاری رکھیں ۔

بدنما اور ڈھیلے ہاتھوں کی جلد کا علاج

ہاتھوں کی پشت پر ابھرنے والی لائنیں اور رگیں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ آپ کی جلد شدید پانی کی کمی کا شکار ہیں۔ اس کے حل کے لئے دن میں کم سے کم دو لیٹر پانی ضرور پئیں۔ اس سے آپ کے ہاتھوں پر موئسچرائزر کا لیول ہموار رہے گا۔

گرمی کے موسم میں اپنے ساتھ ہر جگہ پانی کی بوتل رکھیں اور وقفہ وقفہ سے اس کے گھونٹ بھرتے جائیں ۔ ایسی سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بھی کرتے رہیں جن میں پانی کی مقدار پائی جاتی ہو۔

جیسے کھیرا، ٹماٹر وغیرہ۔ ہاتھوں کو دھونے کے بعد انہیں تولیہ سے خشک کرنے کی بجائے قدرتی ہوا میں خشک کریں۔ اس کے علاوہ ابلے ہوئے دو یا تین آلو کو اچھی طرح چھیلنے کے بعد میش کر لیں اور دودھ ملا کر ایک گاڑھا پیسٹ تیار کریں۔

پندرہ سے بیس منٹ تک ہاتھوں کی اوپری جلد پر لگائیں اور دھونے کے بعد زیتون کا تیل لگا لیں ۔ اس ماسک سے ہاتھوں کی جلد ٹائٹ ہونے کے ساتھ ساتھ نرم اور ملائم بھی ہو جائے گی۔

Share on facebook
Facebook
Share on twitter
Twitter
Share on linkedin
LinkedIn
Share on pinterest
Pinterest
Scroll to Top